ڈونلڈ ٹرمپ کاامریکی ساختہ دفاعی نظام 'گولڈن ڈوم' کے قیام کااعلان

ڈونلڈ ٹرمپ کاامریکی ساختہ دفاعی نظام 'گولڈن ڈوم' کے قیام کااعلان
کیپشن: ڈونلڈ ٹرمپ کاامریکی ساختہ دفاعی نظام 'گولڈن ڈوم' کے قیام کااعلان

ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے لیے ایک نئے اور جدید میزائل دفاعی نظام " گولڈن ڈوم" کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بیرونی حملوں سے امریکی سرزمین کو محفوظ بنانا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ منصوبہ ان کی دوسری مدتِ صدارت کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدہ کیا تھا، آج اس کی عملی شروعات کا وقت آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ " گولڈن ڈوم" ایک مکمل امریکی ساختہ نظام ہوگا، جس کا بنیادی ڈھانچہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 175 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی، جب کہ ابتدائی مرحلے کے لیے دفاعی بجٹ میں 25 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

اس اہم دفاعی منصوبے کی قیادت اسپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ نظام نہ صرف زمین سے داغے گئے میزائلوں کو روکے گا، بلکہ اس میں وہ ٹیکنالوجی بھی شامل ہو گی جو خلا سے ہونے والے حملوں کا بھی مؤثر جواب دے سکے گی۔

" گولڈن ڈوم" میں سیٹلائٹ ٹریکنگ، اسپیس انٹرسیپٹرز اور مدار میں گردش کرنے والے حفاظتی یونٹس شامل ہوں گے، جو جدید ہتھیاروں جیسے کہ کروز، بیلسٹک اور ہائپرسونک میزائلوں کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھیں گے — خواہ وہ روایتی نوعیت کے ہوں یا جوہری۔

ٹرمپ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کینیڈا اس پروگرام میں شمولیت کی خواہش رکھتا ہے اور امریکا اس حوالے سے کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے گا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، یہ منصوبہ نہ صرف امریکا کے اسٹریٹجک تحفظ کو بڑھائے گا بلکہ دنیا بھر میں عسکری توازن پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News