پنجاب کابینہ کی گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری

پنجاب کابینہ کی گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری
لاہور: پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی، امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکارو ں کوریلیف ملے گا۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد او رراولپنڈی کے بعد تاریخ میں پہلی بار گوجرانوالہ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں صوبائی کابینہ کے32 ویں اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے لئے 4 پراجیکٹس کا اعلان کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ گوجرانوالہ میں سبزی منڈی اور گوالہ کالونی بنائی جائے گی۔ ڈی پی ایس گوجرانوالہ کے لئے 24 نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔ کابینہ اجلاس میں گوجرانوالہ میں 2 ماڈل قبرستان کے قیام اور ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ پنجاب کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے، امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکارو ں کوریلیف ملے گا۔ کابینہ نے دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لئے مالی امداد کے پیکیج میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا۔اس کے علاوہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ آرٹسٹ انڈوومنٹ فنڈ سے مستحق فنکاروں کی معاونت کی جائے گی ۔ کابینہ نے لاہور میں دل کا ایک اور ہسپتال بنانے اور جناح ہسپتال لاہورکے ایمرجنسی اینڈ ٹراما سینٹر کی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کی منظوری بھی دی۔ میو ہسپتال کی 7 برس سے بند سی ٹی سکین مشین کو آپریشنل کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی اس کے علاوہ ٹرانسپور ٹ گاڑیوں کی انسپکشن فیس میں نظرثانی نکی منظوری دیدی گئی۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے پی ایس ڈی پی کی سکیم کے تحت سرگودھا میانوالی روڈ کی تعمیر و بحالی لئے اضافی فنڈز فراہم کرے گی۔ کابینہ نے منظوری دے دی ۔کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی ریکوری پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریکوری بہتر بنانے کے لئے موثر مینجمنٹ اور پلاننگ کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔