(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف آپریشن کرتے ہوئے13 خوارج جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت کے علاقے پاہڑ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 10 مسلح شدت پسند ہلاک کردیے گئے جبکہ دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران 3 شدت پسند مارے گئے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک گروہ مبینہ طور پر بیرونی سرپرستی میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا۔شدت پسند سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ "عزمِ استحکام" وژن کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز ملکی سلامتی کے لیے ہر قیمت پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔