لاہور: نوازشریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنے لگے، کارکنوں کی اسپیشل ٹرین سندھ سے روانہ ہوئیں۔ سکھر والوں نے جلسے کیلئے سپیشل ٹرین چلا دی، خیبرپختونخوا سے ’’ امید پاکستان ‘‘ ٹرین کی روانگی ہوئی ہے جبکہ کلر کہار سے گاڑیوں کا قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، جہلم ، صادق آباد، پشاور، جہانیاں، کوئٹہ، حیدر آباد، دادو، ڈی آئی خان، میرپور خاص، مظفر آباد، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قافلے قائد کے استقبال کیلئے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔ لیگی کارکنوں کی جانب سےبھی قائد کی آمد کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالےگئے اورسابق وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعظم اور لیگی رہنما نواز شریف کی واپسی کے موقع پر لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔ مینار پاکستان گراؤنڈ میں 1 لاکھ 30 ہزار 686 اسکوائر فٹ جگہ پر جلسے کے انتظامات کئے گئے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ گراؤنڈ میں لائٹس اور میوزک کے ساتھ ساتھ بڑی بڑی سکرینیں بھی لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔