ویب ڈیسک: دیوالی کا تہوار دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان کے مختلف حصوں میں بھی منایا گیا۔ دیوالی کے موقع پر آتشبازی بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہندو برادری دیوالی کا تہوار مذہبی آزادی اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس کیلئے تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس موقع پر کراچی، حیدرآباد، عمرکوٹ اور سندھ کے کئی علاقوں میں مندروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور عقیدت مندوں نے خوشحالی اور قومی اتحاد کیلئے دعائیں کیں۔
سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے اس موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی قدروں پر زور دیا۔ اپنے پیغامات میں قومی اور صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادت اور مذہبی تہوار عزت و وقار کے ساتھ منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں بھی دیوالی کے موقع پر خصوصی تقریب ہوئی جس میں کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں اقلیتوں کے قابل فخر کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، ہم آہنگی اور برداشت کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد ،انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ، اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور حکومت نے ان کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ تمام مذاہب کے ماننے والے پاکستان میں اپنی عبادت گاہوں میں کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی عبادت اور رسومات ادا کرسکتے ہیں ، انہیں مذہبی آزادی حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے دفاع پاکستان تک ہر محاذ پر اقلیتی برادریوں نے جس طرح قابل فخر کردار ادا کیا ہے اس پر ہمیں ناز ہے ۔ آج کا دن اس حقیقت کو مزید نمایاں کرتا ہے کہ مسلم اور غیر مسلم پاکستانی مل کر وطن عزیز کیخلاف ہونے والی کسی بھی شر انگیزی اور حملے کا مقابلہ کرتے ہیں اور اقلیتوں کیساتھ کسی بھی نا انصافی کے قابل افسوس اور قابل مذمت واقعات کو پاکستان کی اکثریت نے کبھی بھی پسند نہیں کیا اور ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے ۔
وزیر اعظم نے تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں میں اقلیتوں کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں ان کی نمائندگی موجود ہے ، مسلم لیگ ن کی حکومت میں کھیئل داس کوہستانی وزیر مملکت ہیں، ہندو مسیحی برادری کے ممبران سینیٹ اسمبلیوں میں موجود ہیں۔
وزیر اعظم نے اقلیتوں کیلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری دی جا چکی ہے ، حکومت کی دوسری بڑی کامیابی قومی اقلیتی کمیشن بل کی سینیٹ و اسمبلی سے منظوری ہے تاکہ کمیشن کو قانونی طور پر مضبوط کیا جاسکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اجالوں، امن، ہم آہنگی اور برداشت و تحمل کی سرزمین ہے، یہاں نفرت ، فتنہ فساد، انتشار اور دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے اندھیروں اور نفرت کی تاریکی کو مٹانے کی جدوجہد میں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔