پاکستان حکومت امیروں سے ٹیکس لے اور غریبوں کو تحفظ دے، آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے واضح پیغام دے دیا۔ ملاقات کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم سے بہت اچھی ملاقات رہی۔ آج ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات میں محصولات کی وصولی کو ترجیح دینے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کی اہم ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تفصیل جاری کر دی ہے، نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ملاقات کے بعد ایک بیان میں نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سربراہ آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔