پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج سپر 4 مرحلے میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج سپر 4 مرحلے میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی
کیپشن: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج سپر 4 مرحلے میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی میں سپر 4 راؤنڈ میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی۔ گرین شرٹس روایتی حریف سے تمام پچھلے حساب چکانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد ٹاپ آرڈر کی ذمہ داری پر ہوگی۔ صائم ایوب کی بیٹنگ فارم پر ابھی بھی تشویش برقرار ہے، جبکہ حارث رؤف کے ٹیم میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ ٹاس کا فیصلہ بھی اہم ہوگا، کیونکہ جیتنے والی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے کو ترجیح دے سکتی ہے۔ پاکستانی اسکواڈ نے دبئی میں بھرپور ٹریننگ کی، تاہم پریس کانفرنس سے گریز کیا گیا۔

دوسری جانب، بھارت کا عمان کے خلاف اوسط کھیل نے اس پر دباؤ ڈال دیا ہے۔ اکشر پٹیل سر پر چوٹ کی وجہ سے میچ سے باہر ہو سکتے ہیں، جس سے بھارت کی اسپن بولنگ لائن اپ متاثر ہو سکتی ہے۔ میچ سے قبل ٹکٹوں کی فروخت میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر 4 راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی کے اسی وینیو پر دوبارہ ٹکرا رہی ہیں، جہاں گزشتہ اتوار کو بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد پاکستان نے یو اے ای کو مات دے کر سپر 4 راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ بھارت نے اپنے گروپ میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے اگلے مرحلے میں قدم رکھا۔ عمان کے خلاف میچ میں بھارتی بیٹرز سلو پچ پر جدوجہد کرتے نظر آئے، جبکہ پاکستانی بولرز، خاص طور پر شاہین آفریدی، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی تشویش بیٹنگ لائن کی عدم استحکام ہے، خاص طور پر ٹاپ آرڈر پر، جہاں صائم ایوب تینوں میچز میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کو کامیابی کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی، اور محمد حارث و حسن نواز سے بھی رنز بنانے کی توقع کی جارہی ہے۔

پاکستانی اسکواڈ نے یو اے ای کے خلاف میچ کے بعد دو تبدیلیاں کی تھیں، جس میں حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا تھا۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ اگلے میچ میں کیا کمبی نیشن آزمایا جاتا ہے۔ دبئی کی پچ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے، اور یہاں آخری پانچ میچز میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

Watch Live Public News