ویب ڈیسک: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی اہم شرط پوری کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر کے یوروبانڈز کی بروقت ادائیگی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان دوست ممالک سے بروقت قرض حاصل کرنے اور رول اوور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ حکومت سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے بارہ ارب ڈالر کے ڈپازٹس کے رول اوور کی پُرامید ہے، اور یہ ممالک قرض کو بروقت رول اوور کر دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے پانچ ارب ڈالر کے ٹائم ڈپازٹس، متحدہ عرب امارات کے تین ارب ڈالر اور چین کے چار ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹس پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں موجود ہیں۔
رواں مالی سال میں واجب الادا 26 ارب ڈالر کے قرض میں سے 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی کی جا چکی ہے، جس میں دو ارب ڈالر کا رول اوور اور ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق باقی واجب الادا قرض کی بروقت واپسی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے مطابق دوست ممالک کا قرض رول اوور کرایا جائے گا۔ پاکستان رواں ماہ 30 ستمبر تک 500 ملین ڈالر یوروبانڈز کی ادائیگی کرے گا، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔