(ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جو گروپ چیٹس کو مزید مؤثر اور منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ ایک ایسے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس کے ذریعے گروپ میں موجود تمام ممبرز کو بیک وقت مینشن کیا جا سکے گا۔ اس نئے فیچر کے تحت صارفین "@everyone" کا استعمال کرکے گروپ کے تمام شرکاء کو ایک ہی پیغام میں ٹیگ کر سکیں گے۔
فی الحال اگر کسی اہم پیغام کو تمام افراد تک پہنچانا ہو تو ہر ایک کو الگ الگ مینشن کرنا پڑتا ہے، جس میں وقت بھی لگتا ہے اور بعض اوقات کوئی ممبر رہ بھی جاتا ہے۔ مگر اس نئے فیچر کی بدولت ایک ہی مینشن کے ذریعے سب کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا، چاہے کسی نے چیٹ کو میوٹ ہی کیوں نہ کر رکھا ہو۔
یہ سہولت خاص طور پر ان گروپس میں کارآمد ہوگی جہاں افراد کی تعداد زیادہ ہو اور کسی اطلاع کو فوراً تمام ممبرز تک پہنچانا ضروری ہو۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فیچر کا استعمال صرف ایڈمنز تک محدود نہیں ہوگا بلکہ گروپ کا کوئی بھی رکن "@everyone" کا استعمال کر سکے گا، تاہم ایڈمنز کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اس فیچر کو محدود کر سکیں۔
یہ نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں چند مخصوص صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور اس کی عوامی دستیابی کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔