محسن نقوی ، ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ 

محسن نقوی ، ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ 

(ویب ڈیسک )   دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا  کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں  سکیورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ، بارڈر منیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  پاکستانی زائرین کیلئے سہولتوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  کہ  ایرانی صدر کا دورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے،   پاکستانی قوم ایرانی صدر اور انکے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ  کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا  کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس سلسلے میں باہمی معاونت کو مزید بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی معاہدے پر بھی جلد از جلد دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ  نے اس ضمن میں پاکستانی ہم منصب کو ایران کے دورے کی دعوت دی۔ملاقات میں اتفاق ہوا  کہ  اس موقع پر عراقی ہم منصب کو بھی مدعو کیا جائے گا اور مشترکہ اقدامات سے ملکر زائرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے ایران کے دورے کی دعوت پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ، دونوں اطراف نے قیدیوں کے جرمانے معاف کر نے پر اتفاق کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ  میرا مقصد ہے کہ ان قیدیوں کی اپنے وطن جلد از جلد واپسی ممکن ہو۔

دونوں ممالک  نے بارڈر مینجمنٹ ، سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ دونوں اطراف بارڈر مارکیٹوں کے کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ  سمگلنگ دونوں ممالک کیلئے معاشی  نقصان کا باعث ہے، سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر منجمنٹ سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو فروغ ملے گی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ  پاکستان نے بارڈر کی فینسنگ کے حوالے سے بہترین کام کیا ہے۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی  نے کہا کہ  پاکستان ایران کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں،  پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے،  غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حقوق کیلئے تمام مسلم ممالک کو ملکر کام کرنا ہو گا۔

وزیر داخلہ نے  مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی ہم منصب ڈاکٹر احمد وحیدی اور ایرانی وزیر قانون امین حسین رحیمی نے دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔