اشرف غنی، امر اللہ اور حمد اللہ محب کیلئے معافی کا اعلان

اشرف غنی، امر اللہ اور حمد اللہ محب کیلئے معافی کا اعلان
کابل ( ویب ڈیسک ) طالبان رہنما خلیل الرحمن حقانی نے کہا ہے کہ ہم اشرف غنی ، امر اللہ صالح اور حمد اللہ محب کیلئے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں، ہماری طرف سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہم افغانستان میں ایک نئے دور کا آغاز کرنا چاہتے ہیں اور اس کا آغاز ہم سب کیلئے کشادہ دلی سے کر رہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ دوسرے فریق بھی اسی طرح سے نئے دور کا آغاز کریں گے۔ افغان طالبان رہنما خلیل الرحمن حقانی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم امریکہ سے دشمنی نہیں چاہتے تھے اور نہ ہی ہم نے امریکہ سے دشمنی کرنے میں پہل کی تھی، اب بھی ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ امریکہ سے دشمنی کی جائے، امریکہ نے ہمارے ملک اور ہمارے مذہب کے ساتھ زیادتی کی تو ہمیں مجبور ہو کر بندوق اٹھانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ افعانستان سے باہر جانے والوں کیلئے پیغام ہے کہ وہ اپنے وطن میں ہی رہیں، اس ملک کی خدمت کرنے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم مل جل کر ایک ترقی کی طرف سفر کرتا ہوا افغانستان بنا سکیں،افغانستان کا ایک منظم نظام بنے گا جس میں ملک میں رہنے والی تمام اقوام، ساری تنظیموں اور اہل تعلیم یافتہ لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔

Watch Live Public News