برطانیہ میں فیک نیوز پھیلانے والے پاکستانی صحافی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

برطانیہ میں فیک نیوز پھیلانے والے پاکستانی صحافی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کیپشن: برطانیہ میں فیک نیوز پھیلانے والے پاکستانی صحافی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مںظور

ویب ڈیسک: برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے معاملے پر پاکستانی صحافی فرحان آصف کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں ملزم  فرحان آصف کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے ملزم فرخان کےمزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے ملزم فرحان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے آج 1 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعہ 9 اور 10 اے کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمہ سائبر کرائم کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم فرحان آصف نے اعتراف جرم کرلیا۔ ملزم نے ایکس اکاؤنٹ پر انگلینڈ میں چاقو زنی واقعے کی تصاویر شئیر کیں۔ ایکس اکاؤنٹ ہینڈلر نے ویب سائٹ پر آرٹیکل بھی پوسٹ کیا۔ آرٹیکل میں سترہ سالہ علی ال شکاتی کو چاقوزنی واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

آرٹیکل میں حملہ آور کو برطانیہ میں پناہ گزین بھی بتایا گیا۔ سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے کی وجہ سے فسادات پھوٹ پڑے۔ ایکس اکاؤنٹ ہولڈر کی شناخت فرحان آصف کے نام سے ہوئی۔ فرحان آصف نے غیر ملکی چینل کو غلط معلومات دینے کا بھی اعتراف کیا۔ معلومات میں ملزم نے الزام دیگر لوگوں پر عائد کرنے کی کوشش کی۔ دوران تفتیش ایکس اکاؤنٹ ملزم کا ہی ہونے کی تصدیق کی گئی۔

Watch Live Public News