عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری:ویزا حاصل کرنا ہوگیا پہلے سے آسان

عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری:ویزا حاصل کرنا ہوگیا پہلے سے آسان
کیپشن: عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری:ویزا حاصل کرنا ہوگیا پہلے سے آسان

ویب ڈیسک: سعودی حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عمرہ ویزا حاصل کرنے کا طریقہ مزید آسان بنا دیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے غیر ملکی زائرین کے لیے ایک نئی آن لائن سروس "نسک عمرہ" متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے خواہشمند افراد بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نہ صرف ویزا اپلائی کیا جا سکے گا بلکہ عمرہ زائرین اپنی سہولت کے مطابق رہائش، ٹرانسپورٹ اور ٹورز کی آن لائن بُکنگ بھی کر سکیں گے۔ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق یہ تمام سہولتیں ویب سائٹ https://umrah.nusuk.sa/ پر دستیاب ہوں گی۔ زائرین اپنی ضرورت کے مطابق مربوط یا علیحدہ پیکجز حاصل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

حکام کے مطابق "نسک عمرہ" پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد زائرین کے تجربے کو سہل اور بہتر بنانا ہے۔ آن لائن سہولت کے باوجود اگر کسی شخص کو سروس استعمال کرنے میں دشواری پیش آئے تو ویب سائٹ پر منظور شدہ ٹریول ایجنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ زائرین ان کی مدد سے بھی درخواست جمع کروا سکیں۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے، جس کے تحت حج و عمرہ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی میزبانی کی جائے گی۔ اس وژن کے مقاصد میں خدمات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا اور زائرین کے مجموعی تجربے کو خوشگوار بنانا شامل ہے۔

سعودی حکومت کی اس نئی سہولت کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ زائرین کو براہِ راست سہولتیں میسر آ سکیں گی، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی۔

Watch Live Public News