23 اگست سے مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل شروع

23 اگست سے مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل شروع

ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے پنجاب کی پیش گوئی کے مطابق مون سون بارشوں کا آٹھواں سپیل 23 اگست سے شروع ہوگا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے اضافے بارے الرٹ جاری کردیا۔

23 سے 27 اگست تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم منڈی بہاؤالدین گجرات گوجرانوالہ حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی۔

لاہور، قصور، شیخوپورہ ،سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا ،جھنگ ،ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔

ڈیرہ غازی خان، بھکر ،لیہ، ملتان، بہاولپور ،بہاولنگر ،راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے  کے مطابق  دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ کیوسک ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کردی، کہا کہ دریائے ستلج کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے  کا کہنا تھا کہ  لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کو پیشگی حساس مقامات پر تعینات کریں۔

 ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں۔ مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔

شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Watch Live Public News