(ویب ڈیسک ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 11ویں این ایف سی چیئرمین مقرر، تمام صوبوں کے وزرائے خزانہ اور ماہرین ارکان شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 11ویں نیشنل فنانس کمیشن کا قیام آئین پاکستان کے آرٹیکل 160 کے تحت عمل میں لایا گیا، کمیشن وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کی آمدنی کی تقسیم اور دیگر مالی معاملات پر سفارشات دے گا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این ایف سی کے ارکان میں وفاقی وزیر خزانہ چیئرمین، جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے وزرائے خزانہ شامل ہیں ، ماہرین میں ڈاکٹر اسد سیّد، ناصر محمود کھوسہ، ڈاکٹر مشرف رسول سیان اور فرمان اللہ بطور ارکان شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے کمیشن کو وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکس محصولات کی تقسیم کی ذمہ داری دی گئی ہے،کمیشن گرانٹس، قرضوں کے اختیارات اور بین الصوبائی منصوبوں کے اخراجات پر سفارشات مرتب کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 21جولائی 2020 کے پرانے نوٹیفکیشن کے تحت قائم کردہ 10 واں این ایف سی تحلیل کردیا گیا،فنانس ڈویژن نئے کمیشن کو سیکرٹیریٹ کی سہولیات فراہم کرے گا۔