مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے کل اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، اب وہ وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کو کل تک اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا لیکن انہوں نے کل اعتماد کا ووٹ نہیں لیا ہے لہذا آئین کے تحت پرویز الٰہی اب وزیراعلیٰ نہیں رہے ہیں ، گورنر پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن صرف ایک رسمی کارروائی ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب آئین کے تحت ہی اپنے اختیارات کا استعمال کر رہے ہیں ، جیسے ہی گورنر پنجاب آرڈر جاری کریں گے اور اس پر عمل درآمد بھی کروائیں گے ، فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں گورنر وفاقی حکومت کو صوبے میں گورنر راج لگانے کا بھی کہہ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صدر وزیراعظم کی ہدایت کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کر سکتا ہے ، نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے گورنر کو شیڈول بھی دینا ہوگا ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن سے فرار کی کوئی کوشش نہیں کی ہے ، الیکشن کی بھرپور تیاری کی ہوئی ہے، نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے تاریخیں دینے کو مناسب نہیں سمجھتا، میاں نواز شریف ہمارے قائد ہیں اور انہوں نے جب بھی وطن واپس آنا ہوا اس کی تاریخ وہ خود ہی دیں گے لیکن ہم نے ان کے استقبال کی بھی بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔