پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ٹوئٹ کی؟

پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ٹوئٹ کی؟
کیپشن: پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ٹوئٹ کی؟

ویب ڈیسک: پاکستان کے ہاتھوں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں عبرتناک شکست کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کی جانب سے کی گئی ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی۔

بی سی سی آئی نے میچ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں صرف یہ لکھا کہ ’’انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کو 191 رنز سے شکست‘‘ تاہم اس ٹویٹ میں جیتنے والی ٹیم پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

عام طور پر کرکٹ بورڈز کی روایت رہی ہے کہ ایسے مواقع پر نہ صرف فتح حاصل کرنے والی ٹیم کا نام لیا جاتا ہے بلکہ اسے مبارکباد بھی دی جاتی ہے، مگر بی سی سی آئی کی اس ٹویٹ میں اس روایت کو نظر انداز کیا گیا، جسے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے فوراً نوٹس کر لیا۔

ٹویٹ کے نیچے پاکستانی صارفین نے بی سی سی آئی کو ٹیگ کرتے ہوئے جیتنے والی ٹیم کا نام پوچھنا شروع کر دیا۔ ایک صارف شاہد عباسی نے معروف شاعر جون ایلیا کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا،
’’آپ وہ جی مگر یہ سب کیا ہے، تم میرا نام کیوں نہیں لیتیں۔‘‘

ایک اور صارف سبحان نے بی سی سی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ’’کس نے ہرایا؟ کوئی نام؟ نام یاد رکھنا… پاکستان۔‘‘

پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز عتیق الزمان نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا،’’آنے کا شکریہ، لیکن ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے ہیڈ آفس کے بجائے اب ایک بہتر جگہ پر ہے۔‘‘

بی سی سی آئی کی اس ٹویٹ پر پاکستانی صارفین کی جانب سے طنزیہ اور دلچسپ ردِعمل کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ فائنل میں پاکستان کی شاندار فتح کو سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News