وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے 9 ماہ سے ملک میں تماشا لگا ہوا ہے ، جیل بھرو تحریک کی شروعات عمران خان کی گرفتاری سے ہونی چاہیے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے 9 ماہ سے ہی ملک میں تماشا لگا ہوا ہے ۔ ملک پر 4 سال نالائقوں اور نااہلوں نے حکمرانی کی ہے ، سرکاری خزانہ مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا ، اس کے باوجود ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکے ہیں ، کرپشن نہ ملی تو ہیروئن کے کیسز بنائے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو باہر پھینکا ، سوال پوچھو تو کہتے ہیں کہ یہ ملک کے خلاف سازش ہے ، سازش کی کہانی پر 9 مہینے تک تماشے کیے گئے ہیں ، یہ شخص جانتا ہے کہ سائفر کی کوئی بھی کہانی نہیں تھی، یہ ، یہ بھی جانتا ہے کہ امریکا نےکوئی سازش نہیں کی تھی ، سازش امریکا سے ہوتے ہوئے محسن نقوی تک آگئی ۔ عمران خان کی اہلیہ سے متعلق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس گھریلو خاتون نے سیاسی مخالفین کوغداری سے جوڑنے کا کہا، گھریلو خاتون توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچتی رہی، گھریلو خاتون کے جادو ٹونے نے ملک کو تباہ کیا ہے ، فرح خان گھریلو خاتون کی فرنٹ مین تھی، توشہ خانہ سے ہیروں کے ہار چوری کیے گئے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کسی ادارے اور عدالت میں پیش نہیں ہوتا ہے ، وہ توشہ خانہ کیس میں 2020 سے فرار ہے کیونکہ یہ چور ہے، آپ کو ادارے بلارہے ہیں اور آپ جیل بھرو تحریک چلا رہے ہیں، اس کے ساتھ ضمانتیں بھی کروا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جیل بھرو تحریک ملک کے خلاف سازش کی تحریک ہے ، یہ جیل بھرو تحریک نہیں،’’جیل بچو تحریک‘’ہے، عمران خان نے زمان پارک کو ضمانت پارک بنا دیا ہے ، انہوں نے عمران خآن سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ تمہارے بچے باہر ہیں تو لوگوں کے بچے جیل کیوں جائیں ؟ وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ملک کو نقصان پہنچایا گیا ہے ، عمران خان کے پاس جواب نہیں توجیل بچو تحریک شروع کردی ہے ، جیل بھرو تحریک کی شروعات عمران خان کی گرفتاری سے ہونی چاہیے۔ جیل بھرو، جیل بچو تحریک اور ضمانت پارک بنا کر آپ بچ نہیں سکتے ۔