معروف گلوکار ذیشان روکھڑی گرفتار

معروف گلوکار ذیشان روکھڑی گرفتار

(ویب ڈیسک )   ذیشان روکھڑی کیخلاف بلا اجازت پروگرام کرنے اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق  گلوکار ذیشان روکھڑی  کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔   ذیشان روکھڑی کو تھانہ علی پور چٹھہ پولیس نے گرفتار کیا۔ ذیشان روکھڑی پر 2 مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔

ذیشان روکھڑی  کیخلاف  مقدمہ نمبر 154/24 اور 155/24 تھانہ علی پور چٹھہ میں درج کئے گئے ہیں ۔بلا اجازت پروگرام کرنے اور ساؤنڈ سسٹم ایکٹ  کے تحت مقدمات درج کئے گئے،   مقدمات میں شراب نوشی و غل غپاڑہ کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔ 

خیال رہے کہ ذیشان روکھڑی شادی کی تقریب میں گلوکاری کے لئے آئے تھے،   ذیشان روکھڑی کے میزبان و دیگر بھی مقدمات میں نامزد ہیں۔

ادھر معروف گلوکار زیشان روکھڑی کو علاقہ مجسٹریٹ بلال افتخار کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ علاقہ مجسٹریٹ بلال افتخار نے پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض گلوکار زیشان روکھڑی کی ضمانت منظور کر لی۔

اس حوالے سے ذیشان روکھڑی کے وکلاء نے کہا کہ ذیشان روکھڑی کو ساری رات مختلف تھانوں کی سیر کروائی گئی۔ ذیشان روکھڑی نے بتایا کہ  میں نے کچھ ایسا کام نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو۔  میں نے پی ٹی آئی کا سونگ نک دا کوکا گایا ہے شائد اس کی سزا ملی ہے۔