آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں، پرویزالہٰی

آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں، پرویزالہٰی
کیپشن: Not responsible for the IMF, know this and know it ladle, Parvezalhi

ویب ڈیسک: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اور ان کی جماعت آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، اب یہ جانیں اور لاڈلے جانیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا۔ لاڈلوں نے راتوں رات پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر لیا۔ سالک اور شافع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات، منڈی بہاؤالدین، تلہ گنگ کا مینڈیٹ چوری کرنے والے اپنے کیفر کردار کو پہنچنے والے ہیں۔ اصل مینڈیٹ چوری کرنے والا محسن نقوی اور اس کی پولیس پارٹی ہے۔ ایسے کیئر ٹیکر کی اب انشاء اللہ باری آنے والی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستا ہے۔ وہ پہلے بھی عوام کا وزیراعظم تھا، آج بھی ہے اور انشاء اللہ کل بھی رہے گا۔ عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو۔انشاء اللہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر جنگ لڑیں گے۔

پرویزالہٰی نے بتایا کہ پاکستانی عوام نے ہمیں مایوس نہیں کیا، عوام بھی مایوس نہ ہوں۔ انشاء اللہ ان ووٹ چوروں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ ہم کوئی آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں۔ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ووٹ چوری کرنے والے ملک کو معاشی بحران سے نہیں نکال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا پھر یہ کس منہ سے عوامی مفاد کی بات کرتے ہیں۔ مینڈیٹ چور ملکی مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد کی خاطر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن مہم میں ایک دوسرے کے خلاف بولنے والے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ملک لوٹنے کیلئے ایک ہوگئے ہیں۔