سعودی عرب کی اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے بیان کی شدید مذمت

سعودی عرب کی اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے بیان کی شدید مذمت
کیپشن: سعودی عرب کی اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے بیان کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: سعودی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزارت کے مطابق مذکورہ بیان میں غیر ذمہ دارانہ انداز میں یہ تاثر دیا گیا کہ پورے مشرقِ وسطیٰ پر اسرائیل کا کنٹرول قابلِ قبول ہو سکتا ہے، جو نہ صرف اشتعال انگیز ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے باضابطہ بیان میں واضح کیا کہ اس نوعیت کے خیالات بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے بنیادی اصولوں کے صریحاً منافی ہیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کو خطے میں بالادستی یا تسلط کے تصور کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔

وزارت نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام صرف انصاف، بین الاقوامی قانون، اور متعلقہ عالمی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کرے جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں، اور اس کے بجائے امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔

Watch Live Public News