ویب ڈیسک: انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی کرکٹرز کو انگلینڈ کی ڈومیسٹک وائٹ بال لیگ ’ دی ہنڈرڈ‘ سے باہر رکھا گیا تو یہ ٹورنامنٹ کے لیے نقصان دہ اور افسوسناک ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بروک کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت سے لیگ کے معیار اور مقبولیت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ اس سے قبل سابق انگلش کپتان Michael Vaughan بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ پر زور دے چکے ہیں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئندہ ماہ ہونے والی پلیئرز ڈرافٹ میں پاکستانی کرکٹرز کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ بروک، جو اس سیزن انڈین ملکیت والی فرنچائز Sunrisers Leeds کی نمائندگی کریں گے، نے سری لنکا کے خلاف کینڈی میں سپر ایٹس مرحلے کے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی توجہ اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے، تاہم پاکستان ایک عظیم کرکٹ ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرافٹ میں 50 سے 60 کھلاڑی شامل ہوتے ہیں، ایسے میں باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہوگا۔ وہ نہ صرف عمدہ کرکٹر ہیں بلکہ بڑی تعداد میں شائقین کو بھی متوجہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاک بھارت سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کی ٹیمیں عموماً صرف بین الاقوامی مقابلوں میں ہی مدمقابل آتی ہیں، جبکہ ماضی میں پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت بھی محدود رہی ہے۔
ای سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ‘ دی ہنڈرڈ’ دنیا بھر کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور توقع ہے کہ تمام آٹھ ٹیمیں اس تنوع کی عکاسی کریں گی۔ گزشتہ سیزن میں صرف محمد عامر اور عماد وسیم اس لیگ کا حصہ تھے۔