مشہور کامیڈین نسیم وکی کی گاڑی پر فائرنگ

مشہور کامیڈین نسیم وکی کی گاڑی پر فائرنگ
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) سٹیج ڈراموں کے ایکٹر اور مشہور کامیڈین نسیم وکی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ یہ افسوسناک واقعہ فیصل آباد میں پیش آیا۔ نامعلوم حملہ آور نسیم وکی کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ قاتلانہ حملے کے وقت نسیم وکی کیساتھ آغا ماجد بھی موجود تھے تاہم دونوں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ پولیس نے واقعہ مقدمہ درج کرتے ہوئے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کیخلاف فیصل آباد کے تھانہ ریل بازار میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نسیم وکی اور آغا ماجد اپنے ڈرائیور کے ہمراہ لاہور جا رہے تھے کہ اچانک راجباہ روڈ پر ہنڈا 125 پر موجود دو موٹر سائیکل سواروں نے سیدھی فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ سماجی اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے نسیم وکی اور آغا ماجد پر ہونے والی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک میں امن وعامہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو فوری کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں شوبز شخصیات ملک کا اثاثہ ہیں، جو لوگ بھی ان پر حملہ میں ملوث ہیں انھیں گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور فی الفور سزا دی جائے۔

Watch Live Public News