سردی میں بچت مہنگی پڑ گئی: ہیٹر بند کرنے سے اپارٹمنٹ برفانی محل بن گیا

سردی میں بچت مہنگی پڑ گئی: ہیٹر بند کرنے سے اپارٹمنٹ برفانی محل بن گیا

(ویب ڈیسک)کینیڈا کے صوبہ کیوبیک میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کا مالک کو اس وقت حیران رہ گیا جب اس نے اپنے ایک فلیٹ کو موٹی برف میں لپٹا ہوا پایا۔ شدید سردی کے باعث پانی کی پائپیں پھٹ گئیں اور پورا اپارٹمنٹ برف کا منظر پیش کرنے لگا۔

آج کل بجلی اور گیس کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں اور ہر کوئی کوئی کسی نہ کسی طرح پیسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن کیوبیک کے شہر تروآ-ریویئر میں ایک اپارٹمنٹ مالک نے حال ہی میں سیکھا کہ سخت سردیوں میں چھٹیاں منانے جاتے وقت ہیٹنگ بند کرنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوتا۔

جیکس نالٹ نے  جب اپنے اپارٹمنٹ کا دروازہ کھولا تو یوں لگا جیسے وہ کسی پریوں کی کہانی کے برفانی محل میں داخل ہو گیا ہو ۔دیواریں، چھت، فرنیچر حتیٰ کہ گھریلو سامان بھی موٹی برف سے ڈھکے ہوئے تھے۔ ہر طرف برف کے عجیب و غریب مجسمے بنے ہوئے تھے اور فرش پر تقریباً 30 سینٹی میٹر (ایک فٹ) موٹی برف جمی ہوئی تھی۔

اپارٹمنٹ کے مالک نے بتایا کہ یہ سب ایک سابق کرایہ دار کی بچت کی کوشش کا نتیجہ تھا۔ چند ڈالر بجلی کے بل میں بچانے کے لیے کرایہ دار نے چھٹیوں پر جاتے وقت ہیٹنگ مکمل طور پر بند کر دی۔ منفی درجہ حرارت کے باعث پانی کی پائپیں پھٹ گئیں اور پورا فلیٹ برف میں تبدیل ہو گیا، جس سے ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا۔

جیکس نالٹ نے کہا کہ “ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے، زندگی گزارنے کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں۔ لوگ پیسے بچانا چاہتے ہیں۔ ان کے لیے ہیٹنگ کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتی، کیونکہ وہ گھر میں موجود نہیں ہوتے۔ وہ سوچتے ہیں کہ بجلی کا خرچ کم کر لیتے ہیں، لیکن یہ پیسے بچانے کا درست طریقہ نہیں ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “چھتوں، دیواروں اور ہر جگہ پانی موجود ہے۔ یہاں پھپھوندی پیدا ہو سکتی ہے۔ ہم سب کچھ نکال کر، خشک کر کے اور انشورنس کے مطابق دوبارہ تعمیر کریں گے۔”

سابق کرایہ دار کو 5 جنوری کو باضابطہ طور پر اپارٹمنٹ سے نکال دیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ مالک نقصان کی تلافی کے لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا یا نہیں۔

لہٰذا اگر آپ کیوبیک جیسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں سردیاں انتہائی سخت ہوتی ہیں اور آپ ہیٹنگ کے اخراجات کم کرنا چاہتے ہیں تو تھرموسٹیٹ کا درجہ حرارت کم ضرور کریں، لیکن ہیٹنگ مکمل طور پر بند نہ کریں۔ ورنہ جو رقم آپ بچانا چاہتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

Watch Live Public News