افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان داخلے کی کوشش ناکام،3 دہشتگرد جہنم واصل

افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان داخلے کی کوشش ناکام،3 دہشتگرد جہنم واصل

(ویب ڈیسک ) افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں  داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی،اس دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق   سیکیورٹی فورسز نےافغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  گزشتہ رات  دیر میں سیکورٹی فورسز نے  تین دہشت گردوں کی نقل و حرکت نوٹ کی،  دہشت گرد پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کر رہے تھے،   سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سےدراندازوں کے گرد گھیر تنگ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں تینوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق   پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے،  توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا  کہ   پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Watch Live Public News