ویب ڈیسک: راولپنڈی اور گرد و نواح میں مسلسل بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کا کہناہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح 1 ہزار 750 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد سپل ویز کھول دیے گئے۔ پانی کا اخراج 5 گھنٹے تک جاری رہے گا تاکہ سطح کو محفوظ حد یعنی 1 ہزار 746 فٹ تک لایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق، اے سی نیلور اس عمل کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ سپل ویز کھولنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر مکمل کی گئیں۔
مزید احتیاطی اقدامات کے تحت مختلف پلوں اور حساس مقامات پر ریسکیو، ایمبولینس اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، ڈیم کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔