ڈھاکا: اسکول پر تربیتی طیارہ گرنے سے 27 ہلاک، 1روزہ سوگ کا اعلان

ڈھاکا: اسکول پر تربیتی طیارہ گرنے سے 27 ہلاک، 1روزہ سوگ کا اعلان
کیپشن: ڈھاکا: اسکول پر تربیتی طیارہ گرنے سے 27 ہلاک، 1روزہ سوگ کا اعلان

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایک افسوسناک حادثے کے بعد ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جا رہا ہے، جہاں ایک فوجی تربیتی طیارہ اسکول کی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حادثہ پیر کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش ایئرفورس کا ایف-7 جیٹ طیارہ تربیتی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر مل اسٹون اسکول اینڈ کالج پر جا گرا۔

فوجی حکام کے مطابق، پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ توقیر اسلام نے ممکنہ حد تک کم آبادی والے علاقے میں طیارہ اتارنے کی کوشش کی، تاہم وہ خود بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب طیارہ اسکول کی عمارت سے ٹکرایا تو طلبہ امتحان سے فارغ ہو کر باہر نکل رہے تھے۔ متعدد والدین بھی اپنے بچوں کے انتظار میں اسکول کے احاطے میں موجود تھے۔

حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، جبکہ 170 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 50 سے زیادہ شدید جھلس چکے ہیں اور کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

ہیلتھ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 17 بچے شامل ہیں، جبکہ متعدد دیگر کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ عبوری وزیرِ اعظم محمد یونس نے فوری تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے ہسپتالوں میں غیر ضروری ہجوم سے گریز کی اپیل کی ہے۔

ملک کے ساتھ ساتھ بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بنگلہ دیش کی تاریخ میں یہ دہائیوں بعد سب سے المناک فضائی حادثہ ہے، اور اب حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ تربیتی پرواز کے دوران طیارے میں فنی خرابی کیسے پیدا ہوئی۔

Watch Live Public News