بھارت کا میگ-21 طیارے ریٹائرکرنے کافیصلہ،تقریب 19ستمبر کو ہوگی

بھارت کا میگ-21 طیارے ریٹائرکرنے کافیصلہ،تقریب 19ستمبر کو ہوگی
کیپشن: بھارت کا میگ-21 طیارے ریٹائرکرنے کافیصلہ،تقریب 19ستمبر کو ہوگی

ویب ڈیسک: بھارتی فضائیہ نے اپنے طویل خدمات انجام دینے والے جنگی طیارے میگ-21 کو بالآخر باضابطہ طور پر ریٹائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میگ-21 کے آخری فعال طیارے کو 19 ستمبر کو چندی گڑھ ایئر بیس پر منعقدہ ایک تقریب میں فضائی بیڑے سے نکال دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کے اس طیارے سے 62 سالہ تعلق کا اختتام ہوگا۔ سوویت یونین سے حاصل کیے گئے میگ-21 طیارے 1963 میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیے گئے تھے اور ان میں سے ابتدائی چھ طیارے ممبئی پہنچے تھے، جنہیں چندی گڑھ ایئر بیس پر ہی اسمبل کیا گیا۔

بھارتی فضائیہ کے ریکارڈ کے مطابق اب تک 876 میگ-21 طیارے بیڑے میں شامل کیے گئے، جن میں سے تقریباً 490 حادثات کا شکار ہوچکے ہیں، جب کہ ان حادثات میں 170 سے زائد پائلٹس جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اس وقت بھارتی فضائیہ کے پاس میگ-21 کے صرف دو اسکواڈرن باقی ہیں، جو اس طیارے کے ریٹائرمنٹ کے بعد ختم ہو جائیں گے۔ اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے اسکواڈرن کی تعداد صرف 29 رہ جائے گی، جب کہ بھارت کی سلامتی کمیٹی کے مطابق ملکی دفاع کے لیے کم از کم 42 اسکواڈرنز کی ضرورت ہے۔

میگ-21 کی جگہ لینے کے لیے بھارت نے دیسی ساختہ تیزس مارک-1اے طیارے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم ان کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ رواں سال مارچ سے ان طیاروں کی پہلی کھیپ متوقع تھی، مگر تاحال ایک بھی طیارہ بھارتی فضائیہ کے حوالے نہیں کیا گیا۔

Watch Live Public News