(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کےافسران و اہلکار دہشت گردی کے خاتمے کےلیےپرعزم ہیں ۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ اور عام لوگوں کو انصاف کی فراہمی پولیس کا نصب العین ہے،میرٹ پرعملدرآمد ایک شاندارمعاشرے کے قیام کےلئے باوقار معیار ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران نے تربیت کے بعد میدان عمل میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عام لوگو ں کو انصاف فراہم کرنا ہوتا ہے، ان کی جان ومال کا تحفظ کرنا ہوتا ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب آپ کی تربیت کا معیار بہترین ہو اور اس کےلیے پولیس افسران کوتمام تر سہولیات مہیا کی جائیں اور تربیت کے نصاب کا بنیادی مقصد عام لوگوں کی حفاظت اور انہیں انصاف مہیا کرنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے کےلئے یہ تمام عوامل انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں ، اہداف کا حصول تبھی ممکن ہے جب آپ کی تربیت اور بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب میں بطوروزیراعلیٰ ہم نے ایلیٹ فورس قائم کی تھی اوراس پولیس فورس کے قیام کا مقصد اشرافیہ کی حفاظت نہیں بلکہ دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا ہے ،اسی طرح ہم نے پاکستان اورخطے کے پہلے سیف سٹی پراجیکٹ کا نفاذ عمل میں لایا جب دہشت گردی عروج پر تھی اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایاجارہا تھا تو انسداد دہشت گردی کا ادارہ قائم کیا گیا،یہ ایک مایہ ناز ادارہ ہے ،اسی طرح لاہور میں ملک کی پہلی فرانزک لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا،یہ ادارے دہشت گردی اور سماج دشمن عناصر کے خاتمے کےلئے سرگرم کردار ادا کررہے ہیں ، سب اداروں نے مل کر عام آدمی کی جان ومال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے پولیس افسران کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں ،پولیس اکیڈمی میں معیاری تربیت اور رہائش کی بہترین سہولیات کی فراہمی کےلئے بھرپورتعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ان کی وزارت اعلی ٰ کے دور میں پولیس اہلکار میرٹ پربھرتی کیے گئے ، اگرمجھے کوئی شکایت بھی ملی تو ذمہ دار افسران کومعطل کیا گیا، میرٹ پرعملدرآمد ایک شاندارمعاشرے کے قیام کےلیے باوقار معیار ہے، وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم اس مقصد کے لیے دن رات محنت کررہی ہے ،وہ انشاء اللہ قوم کی امیدوں پر پور ا اتریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے ماحول کو بہتر بنانا ہے، وزیرداخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی مکمل تزئین و آرائش کا فیصلہ کرچکے ہیں ، اکیڈمی میں ایسا ماحول قائم ہوگا جو کسی بھی تربیت گاہ میں ہونا لازم ہے،پولیس اکیڈمی میں ماسٹرز کی ڈگری دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 25ایکڑ پرمحیط نیشنل پولیس اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،جس طرح بیدیا ں لاہور میں ایلیٹ ٹریننگ سکول قائم کیا گیا ہے اسی طرح اسلام آباد میں بھی اس سے بھی بہتر ایلیٹ ٹریننگ سکول قائم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ فائرنگ رینج بھی بنائی جائے گی،زیر تربیت افسران کےلئے ہاسٹل بھی تعمیر کیا جائے گا،پولیس افسران کو ایک ماہ کی تربیت کےلئے چین بھی بھجوایا جائے گا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ زیر تربیت پولیس افسران قوم کے مایہ ناز بیٹے اور بیٹیا ں ہیں ، ان کا تعلق پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر سے ہے، وزیر داخلہ گلگت بلتستان کے کوٹے پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء میں ہمارے پولیس کے افسران اورجوان بھی شامل ہیں ، جہلم میں ایک پولیس اہلکار لوگو ں کی جانیں بچاتے ہوئے خود شہید ہوگیا، اسی طرح پولیس کے افسران اورجوان فر ض کی ادائیگی ، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور مادر وطن کی حفاظت کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اس سے بڑ ی اور کوئی قربانی نہیں ہوسکتی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہماری بہادر افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، رینجرز اور ایف سی بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں ، اپنے بچوں کویتیم کرکے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا رہے ہیں ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔