ویب ڈیسک: پاکستان میں کروڑوں موبائل فون صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے ٹیرف سے متعلق معلومات تک آسان رسائی کے لیے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر نیا اور مزید جامع سیکشن متعارف کرا دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام صارفین کی آگاہی بڑھانے اور موبائل پیکیجز کی قیمتوں میں شفافیت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکیجز کا آسانی سے موازنہ کر سکیں گے۔
اس نئے سیکشن میں ملک بھر میں خدمات فراہم کرنے والی تمام سیلولر کمپنیوں کے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے مقبول ترین 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتیں صارف دوست انداز میں پیش کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہر آپریٹر کی تازہ ترین ٹیرف شیٹس بھی دستیاب ہیں، جن میں موجودہ نرخ شامل کیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کو ایک ہی جگہ پیکیجز کی سہ ماہی قیمتوں، سالانہ اضافے کی شرح، پیکیج کی مدت اور مختلف آپریٹرز کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ وہ اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق بہترین پیکیج کا بآسانی انتخاب کر سکیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل صارفین کو مستند، شفاف اور بروقت معلومات فراہم کرنا ہے، جس سے ٹیلی کام خدمات کے انتخاب میں آسانی اور مسابقتی ماحول کو فروغ ملے گا۔