وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر میخواں کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر صدر میخواں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرا عظم نے فرانس کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ترقی پزیر ممالک کے ساتھ مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا، آپ کا شکریہ، ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی عدم دستیابی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے بوجھ اور منجمند ترقی کے مسائل درپیش ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت قرض کی دلدل میں ڈوبے ترقی پزیر ممالک کی مدد وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ریلیف مل سکے، موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات نے پہلے سے مسائل کا شکار ترقی پزیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے، اہم مسئلہ پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی آپ نے اہم کاوش کی۔ صدر میخواں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، دونوں راہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔