ایران بازنہ آیاتودوبارہ حملہ کیاجائےگا،امریکی صدرکی دھمکی

ایران بازنہ آیاتودوبارہ حملہ کیاجائےگا،امریکی صدرکی دھمکی
کیپشن: ایران بازنہ آیاتودوبارہ حملہ کیاجائےگا،امریکی صدرکی دھمکی

ویب ڈیسک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں تہران کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے امن کی راہ نہ اپنائی تو آئندہ حملے اس کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں تصدیق کی کہ امریکا نے ایران کے تین بڑے جوہری مراکزفورڈو، نطنز، اور اصفہان کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دنیا کئی برسوں سے ان مراکز کے نام سنتی آ رہی ہےلیکن آج ان پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ کارروائی نہایت مؤثر رہی اور ایران کو یہ پیغام دے دی گئی ہے کہ یا تو وہ امن کا انتخاب کرے، یا پھر تباہی کے لیے تیار ہو جائے، جیسا کہ گزشتہ 8 دنوں میں دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ ایران کے دیگر اہداف بھی امریکی نشانے پر ہیں۔ ان کے بقول، "آج رات کا حملہ سب سے مشکل اور ممکنہ طور پر سب سے زیادہ نقصان دہ تھا لیکن اگر امن نہ آیا تو ہم باقی اہداف کو بھی اسی مہارت اور درستگی سے نشانہ بنائیں گے۔"

صدر ٹرمپ نے خطاب میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اُن کی قیادت میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں اور امریکا نے اس تسلسل کو روکنے کا فیصلہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ  ایران 40 سال سے امریکا مردہ باد کے نعرے لگا رہا تھا، ایران خطے میں دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیم کے طور پر کام کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو خصوصی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ ایران کے ایٹمی خطرے کو ختم کرنے کے لیے امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی، جس میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی۔

صدر ٹرمپ کا یہ خطاب تقریباً 4 منٹ پر محیط تھا، جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی، امریکی طاقت اور مستقبل کے ممکنہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔

Watch Live Public News