ایران پر امریکی حملے، سعودی عرب ہائی الرٹ، بحرین اور کویت کے حفاظتی اقدامات

ایران پر امریکی حملے، سعودی عرب ہائی الرٹ، بحرین اور کویت کے حفاظتی اقدامات

(ویب ڈیسک ) امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کے پیشِ نظر سعودی عرب، بحرین اور کویت نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔ سعودی عرب نے ملک میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جب کہ بحرین اور کویت نے ہنگامی بنیادوں پر مختلف حفاظتی اقدامات نافذ کیے ہیں۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، سعودی حکام نے حساس اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ تاہم سعودی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

بحرین، جو امریکا کے پانچویں بحری بیڑے کی میزبانی کرتا ہے، نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ کشیدہ حالات میں صرف اشد ضرورت کے وقت ہی مرکزی شاہراہوں کا استعمال کریں تاکہ ہنگامی سروسز کو آسانی ہو۔ 

وزارت داخلہ نے ایکس پر جاری پیغام میں یہ بھی کہا کہ موجودہ صورتحال کے باعث 70 فیصد سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بحرین نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بھی عارضی طور پر آن لائن تدریس پر منتقل کر دیا ہے، جس میں اسکول، کالج، جامعات اور نرسریاں شامل ہیں۔ ملک بھر میں 33 ہنگامی پناہ گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ نیشنل سول ایمرجنسی سینٹر کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ وارننگ سائرن سسٹم کا بھی تجربہ کیا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتِ حال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

ادھر کویت نے بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر وزارتِ انصاف، وزارتِ خزانہ اور دیگر اہم سرکاری اداروں کے دفاتر میں ہنگامی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔

Watch Live Public News