امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق خوش آئند ہے: سوئٹزرلینڈ

امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق خوش آئند ہے: سوئٹزرلینڈ
کیپشن: امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق خوش آئند ہے: سوئٹزرلینڈ

ویب ڈیسک: سوئٹزرلینڈ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر اور پاکستان کی جانب سے 22 جون کو جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔

سوئس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس پیش رفت کو مثبت قرار دیتی ہے، خاص طور پر اس بات کا خیرمقدم کیا گیا ہے کہ فریقین نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک واضح روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ روڈ میپ آئندہ تکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 21 اور 22 جون کی درمیانی شب سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے اہم سفارتی مذاکرات کے دوران حاصل ہونے والی تعمیری پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔

سوئس حکومت نے یہ بھی کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ ایک اہم اور مثبت قدم ہے، جو آئندہ سیاسی اور تکنیکی عمل کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔

آخر میں سوئس حکومت نے اس عمل میں اپنی سفارتی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوشش کرے گی کہ یہ سفارتی اقدامات خطے میں کشیدگی میں کمی، استحکام اور پائیدار امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں۔
 
 

Watch Live Public News