اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ، درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کے وکیل راجہ رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو پیشی کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا ۔ راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ اس لیے معطل کیے گئے کہ عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ عمران خان پر امن طریقے سے عدالت میں پیش ہوں ۔ جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا تھا ، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آئی جی پولیس اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر چکے ہیں ۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو حکم دیا ہے کے اس کیس کو عمران خان کے دیگر کیسز سے منسلک کردیں ، جس کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے ساتھ توہین عدالت کیس کو بھی منسلک کردیا گیا ہے ۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی ۔