پاکستان میں انتخابی بےضابطگیوں اورمداخلت کی تحقیقات، امریکا میں قرارداد منظور

پاکستان میں انتخابی بےضابطگیوں اورمداخلت کی تحقیقات، امریکا میں قرارداد منظور
کیپشن: Investigation of electoral irregularities and interference in Pakistan, resolution passed in America

ویب ڈیسک: امریکی ایوان نمائندگان کی فارن افیئرز کمیٹی نے پاکستان کے اندر جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی پاسداری کی متقاضی ایک قراردار صفر کے مقابلے میں پچاس ووٹوں سے منظور کرلی ہے۔ اب یہ بل امریکی ایوان نمائندگان کو بھجوایا جائے گا۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق فارن افیئرز کمیٹی میں منظور ہونے والی قرارداد پاکستان کے اندر جمہوریت اور ایسے شفاف انتخابات کے لیے حمایت ظاہر کرتی ہے جو عوام کی مرضی و منشا کے عکاس ہوں۔

رپورٹ کے مطابق رکن کانگریس میکارمک نےتصدیق کی ہے کہ اس قرارداد کو صفر کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا ہے اور اس کی مخالفت میں ایک ووٹ بھی نہیں آیا۔

گزشتہ روز فارن افیئرز کمیٹی میں ہی انتخابات کے بعد کے پاکستان پر تفصیلی سماعت ہوئی تھی جس میں امریکہ کے معاون وزیرخارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو پیش ہوئے تھے۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سماعت کے دوران بالخصوص پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات توجہ کا مرکز رہیں۔

کانگریس میں یہ قرارداد رپیریزینٹیٹو ری پبلکن رچ میکارمک اور ڈیموکریٹ ڈین کیلڈی نے پیش کی تھی۔

کچھ سیاسی رہنماؤں کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے، سیاسی رہنماؤں اور ورکرز کی پکڑ دھکڑ، سیاسی ورکرز کے خلاف دہشتگردوں کے حملے، انتخابات کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش، میڈیا پر پابندیوں، صحافیوں بالخصوص خواتین صحافیوں کو ہراسانی کا سامنا۔ اس طرح کے معاملات پر کئی ارکان کانگریس کی جانب سے تندو تیز سوالات اٹھائے گئے تھے۔

اس پس منظر میں پاکستان کے اندر مذہبی اقلیتوں کے حقوق، ملک میں جبری تبدیلی مذہب اور بلاسفیمی لاز سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پاکستان کے ساتھ اور پاکستان کی حکومت سے رابطہ کاری بڑھائیں کہ وہ جمہوریت، انسانی حقوق اور رول آف لاء پر عمل درآمد کرے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فروری میں ہونے والے انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائیں۔