ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 11واں ایڈیشن اپنے شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگا، تاہم شائقین اس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمحسن نقوی نے بتایا کہ لیگ کے انعقاد سے متعلق مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل کا آغاز مقررہ تاریخ پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ لیگ ایک بین الاقوامی برانڈ ہے اور غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، اس لیے ایونٹ کو ملتوی کرنا ممکن نہیں تھا، کیونکہ آگے کوئی ونڈو دستیاب نہیں ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز صرف کراچی اور لاہور میں کرائے جائیں گے، اور ٹیموں کی حرکت کو کم سے کم رکھنے کے لیے نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے، جس سے اخراجات کم ہوں گے، جبکہ فرنچائزز کو گیٹ منی پی سی بی فراہم کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں میچز بغیر شائقین کے ہوں گے، فینز ٹکٹ کی رقم واپس لے سکیں گے، اور اس کے لیے پی سی بی فینز سے معذرت خواہ ہے۔