(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان سے لوگ کراچی آنا چاہتے ہیں، ہم سب کو کہتے ہیں کراچی آئیں یہاں کام کریں۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں شاہراہ بھٹو کا افتتاح کردیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بےنظیر کو تیسری بار وزیراعظم بننا تھا لیکن ان کو شہید کردیا گیا۔جنوری 2025 میں منصوبے کے پہلے فیز کا افتتاح کیا تھا، آج منصوبے کے پہلے فیز کو مکمل کرکے دکھایا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ کراچی آنا چاہتے ہیں، ہم سب کو کہتے ہیں کراچی آئیں یہاں کام کریں۔ مفت علاج کی سہولت پہلے کراچی کے عوام، سندھ اور پورے پاکستان کیلئے ہے۔ این آئی سی وی ڈی کا حال پہلے کیا تھا 18ویں ترمیم کے بعد کیا بنا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ پورٹ بنائیں گے، کیٹی بندر پورٹ کا منصوبہ شاید دنیا کا پہلا منصوبہ ہوگا۔ سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کھول کر دکھائیں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ خطے میں جنگ کا بوجھ غریب عوام اٹھا رہے ہیں۔ عوام بجلی اور گیس کے بل میں اس جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ خطے میں امن ہوگا تو معاشی مشکلات کم ہوں گی۔ اگر جنگ ختم نہ ہوئی تو معاشی حالات سنگین ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر بڑے منصوبے مکمل کریں گے۔چاہتے ہیں کہ میڈ ان پاکستان دفاعی پیداوار میں کراچی بھی کردار ادا کرے۔
معرکہ حق سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مئی کی جنگ میں بھارت کو پاکستان نے عبرتناک شکست دی۔ پاکستان کی دفاعی پیداوار کی طلب میں تاریخی اضافہ ہوا۔ دنیا بھر کے ممالک جنگ میں آزمایا ہوا دفاعی سامان خریدنا چاہتے ہیں، مختلف ممالک پاکستان سے دفاعی سامان خریدنا چاہتے ہیں۔