ویب ڈیسک: کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی سابقہ اہلیہ صوفی گریگویئر نے اپنی زندگی اور گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ جسٹن ٹروڈو کے تعلقات سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر پہلی مرتبہ بات کی ہے۔
صوفی گریگویئر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں میزبان نے جسٹن ٹروڈو کے گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ ڈیٹ کرنے پر انہیں ملنے والی عوامی توجہ کا ذکر کیا۔
میزبان نے 50 سالہ صوفی گریگویئر کی تعریف کی کہ وہ اس سارے معاملے میں کس قدر پُرسکون رہتی ہیں۔
صوفی گریگویئر نے جواب میں کہا کہ ’دیکھیں، ہم انسان ہیں اور چیزیں ہمیں متاثر کرتی ہیں۔ یہ نارمل ہے۔ آپ چیزوں پر کیسے ردعمل ظاہر کرتے ہیں، یہ آپ کا فیصلہ ہے۔ چنانچہ میں نے شور کے بجائے موسیقی سننے کی کوشش کا انتخاب کیا ہے۔‘
صوفی گریگویئر اور جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا، انہوں نے سنہ 2005 میں شادی کی تھی اور وہ تین بچوں زیویئر، ایلا۔گریس اور ہیدرین کے والدین ہیں۔
جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی تصاویر ستمبر میں ایک راہگیر نے کھینچی تھیں، تاہم اکتوبر میں کیٹی پیری کی سالگرہ کے آس پاس پیرس میں ’کریزی ہارس کیبرے‘ میں انہیں ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے دیکھا گیا جس کے بعد ان کے تعلقات پر عوامی سطح پر بات چیت ہونے لگی۔
صوفی گریگویئر نے مزید کہا کہ وہ ’اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ بہت سی ایسی عوامی چیزیں جذباتی طور پر متاثر کر سکتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’اب میں اس صورتحال میں کیا کرتی ہوں، یہ میرا فیصلہ ہے۔ اس کے ذریعے میں کیسی عورت بننا چاہتی ہوں، یہ میرا فیصلہ ہے۔‘
صوفی گریگویئر نے یہ بھی واضح کیا کہ ذہنی صحت پر بات کرنے والی ایک خاتون کے طور پر وہ تمام احساسات کو محسوس کرنے کے خلاف نہیں ہیں۔
’میں خود کو کسی سے مایوس ہونے دوں گی، میں خود کو غصہ ہونے دوں گی، اداس ہونے دوں گی اور میں اس حقیقت سے واقف ہوں کہ اس طرح کے جذبات کو محسوس کرنا کتنا اہم ہے۔‘