"بیٹا بلاکرز" دوا دل کے دورے کے بعد خطرناک ہو سکتی ہے، برطانوی تحقیق

کیپشن: بیٹا بلاکرز دوا دل کے دورے کے بعد خطرناک ہو سکتی ہے، برطانوی تحقیق

ویب ڈیسک: برطانیہ میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے دورے کے بعد خواتین کو " بیٹا بلاکرز" دوا دینا ان کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

" بیٹا بلاکرز" جو کہ عموماً دل کے دورے کے بعد استعمال کی جانے والی دواؤں میں شامل ہیں، اس تحقیق میں بعض خواتین کیلئے خطرناک قرار دی گئی ہیں، خاص طور پر ان خواتین کیلئے جن کا دل کا پمپنگ فنکشن درست اور برقرار ہو۔

محققین کا کہنا ہے کہ دل کے دورے کے بعد جن خواتین کا دل کم متاثر ہوتا ہے، اگر انہیں بیٹا بلاکرز دی جائیں تو ان میں دوبارہ دل کا دورہ پڑنے، ہارٹ فیل ہونے، اور یہاں تک کہ موت کے امکانات تین گنا تک بڑھ جاتے ہیں۔

" بیٹا بلاکرز" ایک ایسی دوا ہے جو دل اور خون کی نالیوں پر اثر انداز ہو کر دل کی دھڑکن کو سست کرتی ہے اور بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے۔ یہ دوا عموماً دل کے مسائل، جیسے دل کے دورے کے بعد، استعمال کی جاتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج معروف طبی جریدے "نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن" اور "یورپی ہارٹ جرنل" میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر دل کے دورے کے بعد مریض کا بائیں طرف کا ایجیکشن فریکشن کم نہ ہو، تو بیٹا بلاکرز کا استعمال ان خواتین کیلئے نہ صرف نقصان دہ بلکہ بعض صورتوں میں مہلک بھی ثابت ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں موت واقع ہو سکتی ہے۔

تحقیق میں شامل 1,627 خواتین کا تجزیہ کیا گیا، اور یہ بات سامنے آئی کہ بیٹا بلاکرز استعمال کرنے والی خواتین میں دل سے متعلق اموات کا خطرہ ان خواتین کی نسبت 45 فیصد زیادہ تھا جو یہ دوا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج "ری بوٹ" نامی بڑے کلینیکل ٹرائل کے تحت حاصل کیے گئے ہیں، جس میں اسپین اور اٹلی کے 109 ہسپتالوں کے 8,500 مریض شامل تھے۔ اس تحقیق کے نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ جن مرد و خواتین کا دل 50 فیصد یا اس سے زیادہ کارکردگی دکھا رہا ہو، انہیں بیٹا بلاکرز کے استعمال سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔

Watch Live Public News