ویب ڈیسک: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث بھارتی اوپنر ابھشیک شرما نے میچ کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ شاندار بیٹنگ کے بعد انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں ابھشیک نے صرف 39 گیندوں پر 74 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر بھارت کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ابھشیک شرما نے اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا منصوبہ بالکل سادہ تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ’’جس انداز میں وہ ہم پر دباؤ ڈال رہے تھے، مجھے بالکل پسند نہیں آیا، اور یہی ایک طریقہ تھا کہ میں انہیں دوائی دے سکوں۔‘‘ ابھشیک کے مطابق دباؤ کا جواب صرف جارحانہ کھیل کے ذریعے ہی دیا جا سکتا تھا اور یہی حکمتِ عملی میچ کے دوران کامیاب ثابت ہوئی۔
انہوں نے اپنی شاندار شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکول کے دنوں سے شبمن گل کے ساتھ کھیلتے آئے ہیں اور کافی عرصے سے ان کے ساتھ ایسی شاندار اوپننگ کرنے کے منتظر تھے۔ ابھشیک نے کہا کہ اس شراکت داری نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور ہدف کے تعاقب میں اعتماد پیدا کیا۔
اپنے جارحانہ کھیل کے حوالے سے ابھشیک نے مزید کہا کہ بھارت کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اسی انداز میں کرکٹ کھیلیں، چاہے اس میں خطرہ کیوں نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کی مکمل حمایت ہی انہیں اتنی آزادی دیتی ہے کہ وہ کھل کر بیٹنگ کر سکیں۔