ویب ڈیسک: بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم کا اشارہ دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دے دی ہے۔
بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے حالیہ بیان میں پاکستان کو نام نہاد فوجی کارروائیوں کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپریشن سندور‘‘ کا پارٹ ون یا پارٹ ٹو بھی ہوسکتا ہے۔ اس بیان نے نہ صرف خطے میں تشویش بڑھا دی بلکہ بھارت کے جنگی عزائم کو بھی عیاں کر دیا۔
#WATCH | #OperationSindoor | Rabat, Morocco: At the interaction with the Indian community in Morocco, Defence Minister Rajnath Singh says, "The terrorists came here and killed our citizens after asking their religion. Humne kisi ka dharm dekh kar nahi, unka karm dekh kar maara… pic.twitter.com/EKiewH5xBo
— ANI (@ANI) September 22, 2025
یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے 7 مئی کو علی الصبح جدید رافیل طیاروں کے ذریعے پاکستان پر غیر معمولی فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا۔ تاہم پاکستان کی فضائیہ پیشگی تیاری کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹی رہی اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے اور ایک اسرائیلی ساختہ ڈرون مار گرایا۔ پاکستان نے اس بھرپور جوابی کارروائی کو آپریشن بنیان مرصوص کا نام دیا، جس کے دوران بھارت کے کئی اہم عسکری اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا اور حتیٰ کہ ایک ایس-400 فضائی دفاعی نظام تک تباہ کر دیا گیا۔
اس مؤثر جواب کے بعد بھارت کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اور سیزفائر کے لیے امریکا سے مدد مانگی۔ اپنی ہزیمت چھپانے کے لیے بھارتی ایئر چیف نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فضائیہ نے پانچ پاکستانی طیارے مار گرائے، لیکن آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ بھارتی فوج کے سابق افسر اور معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ پاک فضائیہ نے جنگ کے آغاز میں ہی فضا پر برتری حاصل کر لی تھی، جس نے جنگ کا نتیجہ بھارت کے خلاف موڑ دیا۔ انہوں نے اس ناکامی پر بھارتی ایئر چیف سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔
ماہرین کے مطابق مودی سرکار آئندہ الیکشن سے پہلے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے ایک بار پھر ’’پاکستان کارڈ‘‘ کھیل رہی ہے۔ بھارت میں بڑھتی مہنگائی، کسانوں کے احتجاج، اقلیتوں پر مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی نے مودی حکومت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
پاکستانی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی کوئی بھی مہم جوئی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہوگی اور پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔