لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آکسیجن کے بغیر کے ٹو چوٹی سرکرنے والے بلتستان کے کوہ پیماؤں کی ملاقات۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سے ضلع گانچھے کے نواحی علاقہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کے ٹیم لیڈر محمد تقی سمیت یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی نے وزیر اعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کوہ پیماؤں کو 10 لاکھ روپے کاچیک دیا۔ انھوں نے بغیر آکسیجن دنیا کی دوسری بلند ترین چوتی کے ٹو سر کرنے پر کوہ پیماؤں کو مبارکباد بھی دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود اپنی ہمت اور صلاحیتوں سے کے ٹو کی چوٹی سر کر نا قابل فخر کارنامہ ہے۔ آپ جیسے باہمت نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں۔ کے ٹو سر کرنے والے بلتستانی کوہ پیماہ پاکستان کا فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ پنجاب حکومت محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ کوہ پیمائی بلند ہمت نوجوانوں کاکھیل ہے،آپ نے قابل تقلید مثال قائم کی۔ آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔ ٹیم لیڈر کوہ پیماہ محمد تقی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدا رنے وزیر اعلی آفس بلا کر ہمیں عزت دی اور ہماری حوصلہ افزائی کی ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے حوصلہ افزائی ہمارے عزم کو مزید بڑھائے گی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔