(ویب ڈیسک)ہم میں سے بہت سے لوگ ضروری کام یاد رکھنے کے لیے اسٹکی نوٹ پر چند الفاظ لکھتے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک ہی اسٹکی نوٹ پر زیادہ سے زیادہ کتنے الفاظ لکھے جا سکتے ہیں؟.
متحدہ عرب امارات کی پشپاجوتھی روی کمار نے ایک ننھے سے اسٹکی نوٹ پر 150 مختلف الفاظ تحریر کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
29 سالہ پشپاجوتھی، جو بطور سینئر کلاؤڈ انجینئر کام کرتی ہیں، نے دبئی میں یہ چیلنج مکمل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بچپن ہی سے وہ گنیز ورلڈ ریکارڈز دیکھتی آئی ہیں اور ہمیشہ خود بھی ریکارڈ ہولڈر بننے کا خواب دیکھتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ بنانے کے لیے انہوں نے زیادہ تر تین حروف پر مشتمل مختصر اور آسان الفاظ منتخب کیے تاکہ زیادہ سے زیادہ الفاظ نوٹ پر سما سکیں، تاہم الفاظ کو پڑھنے کے قابل رکھنا بھی ضروری تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پشپاجوتھی نے اپنی پہلی ہی کوشش میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ مختلف انداز کی لکھائی آزمانے کی بھی شوقین ہیں۔
اپنے ریکارڈ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے بعد انہیں زبردست پذیرائی ملی، جسے تقریباً 10 لاکھ افراد نے دیکھا۔ ان کے خاندان، دوستوں اور کالج نے بھی ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
پشپاجوتھی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق، گنیز ورلڈ ریکارڈز ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو لوگوں کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتیں دنیا کے سامنے لانے کا موقع دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کی کامیابی کچھ لوگوں کے لیے معمولی لگ سکتی ہے، لیکن ان کے لیے یہ اپنی صلاحیت ثابت کرنے اور خود اعتمادی حاصل کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔