بند کمرے میں  مذاکرات  کا پہلا دور ، پی ٹی آئی2 جنوری کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی

 بند کمرے میں  مذاکرات  کا پہلا دور ، پی ٹی آئی2 جنوری کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی
کیپشن: بند کمرے میں  مذاکرات  کا پہلا دور ، پی ٹی آئی2 جنوری کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی

ویب ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور تحریک انصاف کے مابین بند کمرے میں  مذاکرات  کا پہلا دور مکمل، اگلا اجلاس 2 جنوری کو طلب ، پی ٹی آئی  آئندہ اجلاس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مذاکراتی اراکین کمیٹی روم پہنچے۔اپوزیشن کی نمائندگی اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، راجہ ناصرعباس نے کی، جبکہ حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، عرفان صدیقی، خالد مقبول صدیقی، علیم خان، راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر میٹنگ میں شریک ہوئے۔اجلاس کا آغاز مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعائے خیر سے ہوا۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے، مذاکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے، حکومت اور اپوزیشن کا مل بیٹھنا جمہوریت کو مضبوط بنائے گا، جمہوریت میں مذاکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہمیں عوام نے منتخب کرکے مسائل کے حل کیلئے بھیجا ہے، پارلیمان 24 کروڑ عوام کا منتخب ادارہ ہے، عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، بطور عوامی نمائندہ ہم نےعوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، ملک کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے، ملک کی معاشی ترقی کا دارومدار سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، موجودہ صورتحال سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا تقاضا کرتی ہے۔

مذاکرات کا احوال

مذاکرتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکومتی رکن اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کی بات کرتی ہے تودوسری طرف سے ٹویٹ آجاتا ہے۔

جس پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں، ہم نے اپنی کور کمیٹی میں اس مسئلے پر تفصیلی بات کی ہے، ہم اس عمل کی مذمت بھی کرتے ہیں۔بعدازاں دونوں جانب سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرتی کمیٹی کا آئندہ اجلاس دو جنوری کو ہوگا، آئندہ اجلاس میں اپوزیشن سے چارٹر آف ڈیمانڈ طلب کیا گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کی میڈیاسے گفتگو 

قبل ازیں بیرسٹر گوہر نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے 190ملین پاؤنڈ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت ہوگی۔سرکاری گواہ تسلیم کرچکے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی تعلق نہیں۔

بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس کیس میں ٹرسٹی ہیں،انصاف کے تقاضے پورے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان بری ہونگے۔

رانا ثناء اللہ کی میڈیاٹاک

حکومتی کمیٹی کے رکن رانا ثناء اللہ نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم کہتے ہیں بیٹھیں بات کریں، چارٹر آف اکنامی اور چارٹر آف ڈیموکریسی کریں، سیاسی ڈائیلاگ ہی راستہ نکلانے کا طریقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے رویہ کا اظہار کمیٹی میں کرے گی، اپوزیشن باضابطہ مطالبات رکھے گی تو جواب دیں گے۔

رانا ثنا اللہ  نے کہا کہ سیاسی مذاکرات اسی کا نام ہے کہ کھلے دل کے ساتھ بیٹھ کر ہر معاملے پر بات ہو۔نہ سو فیصد ہماری بات مانی جا سکتی ہے نہ دوسرے فریق کی۔کھلے دل کے ساتھ کوئی درمیانی راستہ نکالنا ہوگا۔

 فاروق ستارکی میڈیاسے گفتگو

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے رکن فاروق ستار نے کہا کہ نہ ٹرمپ کا اور نہ برطانیہ کے وزیراعظم کا فون آیا، مجھے تو مذاکرات کیلئے اسپیکر کا فون آیا۔فاروق ستار نے کہا کہ آج کے اجلاس ماحول خوشگوار تھا کوئی طنزیہ گفتگو نہیں ہوئی، اجلاس میں ماضی پرکم اور مستقبل کے حوالے سے زیادہ بات ہوئی۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں مسائل کے لیئے بات چیت ہوتی ہے،مذاکرات کا مقصد ہوتا ہے کہ ایک دوسرے کے مطالبات کو سنا اور سمجھا جائے،سننے اور سمجھانے کے بعد مسائل حل ہوتے ہیں۔

نوید قمر کی میڈیا ٹاک

نوید قمر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی سوچ میں بہت بڑا خلا ہے، مثبت ماحول رکھنے کیلئے آج ہم بیٹھے ہیں، شرکاء کی سوچ مثبت تھی، آج کمیٹی اجلاس میں مثبت آگے بڑھنے پر پیشرفت ہوئی۔چاہتے ہیں فریقین کی باتیں مذاکرات پر اثر انداز نا ہو،مذاکرات کا پہلا اجلاس تھ،اپوزیشن جماعت اور حکومت کا مل بیٹھنا بھی ایک کامیابی ہے۔

نوید قمر نے کہاکہ دونوں فریقین کا بیٹھنا بھی اہم ہے،ایک ایک قدم آگے بڑھنے پر بات ہورہی ہے،آئندہ مذاکرات پر مطالبات تحریری شکل میں آجائینگے۔

اسد قیصرکی میڈیا سے گفتگو

اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میٹنگ میں ہم نے اپنا موقف بھرپور طریقے سے سامنے رکھا،ہم نے تمام قیدیوں کے بشمول عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا،ہم نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے بھی مطالبہ سامنے رکھا،ہم ایک چارٹر آف ڈیمانڈ 2 جنوری کو پیش کریں گے،ہم نے عمران خان سے رابطہ استوار کروانے کا بھی مطالبہ کیا،حکومت نے عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ مانا ہے۔

عمران خان کبھی نہیں کہیں گے مجھے رہا کرو، علامہ راجا ناصر عباس

علامہ راجا ناصر عباس نے اس حوالے سے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا پورا رول ہے۔ مذاکرات میں بھی اسٹبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے۔ سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ حالات ٹھیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے میز پر بیٹھیں گے تو معلوم ہوگا حکومت کی نیت کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں کہیں گے کہ مجھے رہا کرو۔ وہ قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔

ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، صاحبزادہ حامد رضا

پی ٹی آئی کے صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مذاکرات کے لیے کھلے دل سے جارہے ہیں لیکن اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے سیاسی اسیروں کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جائے گا ۔ سیاسی اسیروں کی رہائی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی سر فہرست ہے ۔ میں کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے مذاکرات متاثر ہوں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہم کوئی ماروائے آئین و قانون کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے،ہم 9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے پر قائم ہیں،پہلے کہتے کہ ہم مذاکرات نہیں کرنا چاہتے اب مذاکرات کررہے ہیں۔حکومت کہتی ہے کہ طاقتور ہے تمام اختیارات ہیں انشا اللہ پتہ چل جائے گا۔حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں وہ ہمارے مطالبات پورے کرے،ہم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کمیٹی کے سامنے رکھا ہے۔سیاسی قیدیوں کی رہائی بانی پی ٹی آئی کے بغیر نا قابل قبول ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کے تمام مطالبات مان لیے جائیں گے؟

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ابھی تو آغاز ہوا ہے اختتام کا کیسے بتا دوں۔

ملک احمد خان بھچر  کی میڈیا ٹاک

ملک احمد خان بھچر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اور پی ٹی آئی پر مارشل لاء سے بدتر وقت گزر رہا ہے۔رینجرز کے اہلکاروں کی شہادت ایکسڈنٹ تھی اسکو بھی عمران خان اور بشری بی بی پر ڈال رہے ہیں،ہمارا مطالبہ مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی کے ورکرز پر مظالم بند کئے جائیں،ان کی کرسی عوام نے ان سے کھنچ لینی ہے،ہم اپنے گرفتار قیادت کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہے۔

ملک احمد خان بھچر  نے کہا کہ فواد چوہدری کی ذاتی رائے پر میں کچھ نہیں کر سکتے،جو مذاکرات ہو رہے ہیں یہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مرضی سے نہیں ہورہے،یہ مذاکرات بھی ان کی مرضی سے ہورہے ہے،لانے والے پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہے ٹک ٹاک کے علاؤہ مریم نواز کی کوئی کارکردگی کے علاؤہ کچھ نہیں۔

ماضی کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھیں گے،عرفان صدیقی

پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اچھی توقعات کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارے پیش نظر پاکستان اور اس کی ترقی ہے، پاکستان کے عوام اور خوش حالی ہے۔ اچھے مقاصد اور اچھی نیت کے ساتھ ماضی کو ایک طرف رکھتے ہوئے توقع رکھتے ہیں کہ مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔

سینئر ممبران کی موجودگی مذاکرات کی سنجیدگی کا مظہر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا، جس پر میں نے وزیراعظم سے درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ سب صاحبان کا شکر گزار ہوں کہ مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی گئی۔ مذاکرات کی سنجیدگی سنیئر ممبران کی موجود سے ظاہر ہے۔ امید ہے پاکستان  کی بہتری کی بات کریں گے۔ ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوری طرز عمل اختیار کیا  ہے۔ مشاورت سے آئندہ بھی اجلاس رکھیں گے۔ اللہ سے دعا ہے کہ جو پاکستان،جمہوریت اور ہمارے لیے بہتر ہے وہ نتیجہ نکلے۔

دیکھیں گے حکومت کی نیت کیسی ہے؟ عمر ایوب
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ان سے مذاکرات ہوں گے۔ آج مذاکرات کا پہلا دور ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ حکومت کی نیت کیسی ہے، یہ بھی دیکھیں گے۔

Watch Live Public News