ویب ڈیسک: بھارتی شہرلکھنؤ کے تھانہ چنہٹ علاقے میں ایودھیا ہائی وے کے قریب واقع انڈین اوورسیز بینک میں اتوار کو چوری کی ایک بڑی واردات رونما ہوئی۔
پولیس کو بینک مینیجر نے اطلاع دی کہ بینک کے لاکر روم کو گیس کٹر کی مدد سے کاٹا گیا اور 90 میں سے 42 لاکرز کو کھول کر ان میں رکھے کروڑوں کے زیورات اور قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔
واردات کی اطلاع پر پولیس اور بینک کے لاکر استعمال کرنے والے گاہک جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ گاہکوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی اور خاندانی زیورات ان لاکرز میں محفوظ کیے تھے، جو اب چوری ہو گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق چور بینک کے پیچھے ایک سنسان گلی سے اندر داخل ہوئے۔ انہوں نے ایک خستہ حال دیوار کو توڑنے کے بعد بینک کی 9 انچ کی دو مضبوط دیواریں بھی توڑ ڈالیں اور پھر لاکر روم تک پہنچے۔ گیس کٹر کی مدد سے چوروں نے لاکر روم اور لاکرز کے تالے کاٹ کر زیورات چوری کر لیے۔
منظر عام پر آنےوالی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ایک چور بینک کے باہر نگرانی کررہا ہے جبکہ3 ملزم اندر کارروائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ چوروں نے الارم اور سی سی ٹی وی کی تاریں بھی کاٹ دیں۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے لیکن تاحال چوروں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔