(ویب ڈیسک ) سینیٹر پلوشہ خان نے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے خلاف تحریک استحقاق دائر کر دی۔
قائمہ کمیٹی اجلاس میں وزیر مواصلات کے نامناسب رویے پر شدید اعتراض اٹھا دیا گیا۔سینیٹر پلوشہ کان کا کہنا ہے کہ عوامی فنڈز پر سوالات کے دوران وزیر کی جانب سے دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی ، کمیٹی کے دوران، وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے ایک ایجنڈا آئٹم کے جواب میں نہایت نامناسب اور انتقامی رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حدیرہ ڈرین تا ٹھوکر نیاز بیگ منصوبے پر عوامی خزانے سے خرچ ہونے والے کروڑوں روپے کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی تھی، عوامی فنڈز سے متعلق سوالات کے دوران، وزیر نے کمیٹی کے سامنے جوابدہی قائم کرنے کے بجائے چیخ و پکار شروع کر دی۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین اور دستخط کنندہ کے خلاف توہین آمیز اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی، علیم خان نے الفاظ استعمال کیے کہ "ساری بے ایمانی اس کمیٹی میں اکٹھی ہو گئی ہے، یہ مجھے بلیک میل کرتے ہیں"، علیم خان نے کہا کہ "میں آپ کی ذات پر بھی سوال کروں گا"،اور"میں آپ کی ذات پر بات کروں گا تو آپ کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی"۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وفاقی وزیرِ مواصلات کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی کارروائی شروع کی جائے۔