ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کےلیے مراسلہ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں،تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا ایک اور سلسلہ 25 فروری سےشروع ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 27 فروری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔