برطانیہ میں دوہری شہریت رکھنے والوں کے لیے نئے سفر ی قواعد نافذ

برطانیہ میں دوہری شہریت رکھنے والوں کے لیے نئے سفر ی قواعد نافذ
کیپشن: برطانیہ میں دوہری شہریت رکھنے والوں کے لیے نئے سفر ی قواعد نافذ

ویب ڈیسک: بدھ 25 فروری سے برطانیہ میں دوہری شہریت رکھنے والے افراد کے لیے نئے قواعد لاگو ہوں گے، جن کے تحت برطانوی پاسپورٹ کے بغیر ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نئے قوانین کے مطابق ایسے زائرین جن کے پاس برطانوی پاسپورٹ نہیں ہوگا، انہیں برطانیہ میں داخل ہونے کے لیے ویزا، الیکٹرانک سفری اجازت نامہ (ETA) یا حقِ استحقاق کی دستاویز (سرٹیفکیٹ آف اینٹائٹلمنٹ) لازمی حاصل کرنا ہوگا۔ ان دستاویزات کے بغیر فلائٹ، فیری یا ٹرین پر سوار ہونے سے مسافر روکے جا سکتے ہیں۔

امریکا، کینیڈا، فرانس سمیت 85 ممالک کے شہری، جو پہلے ویزے کے بغیر سفر کر سکتے تھے، 25 فروری 2026 سے برطانیہ میں داخلے کے لیے ETA کے بغیر سفر نہیں کر سکیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امیگریشن نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور مستقبل میں سرحدی آمد و رفت کو آسان اور بغیر رابطے کے ممکن بنائے گا۔ اکتوبر 2023 میں ETA کے آغاز کے بعد اب تک ایک کروڑ سے زائد مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جس سے سفر تیز اور آرام دہ ہوا ہے۔

وزیر برائے ہجرت و شہریت نے کہا کہ ETA سے حکومت کو ایسے افراد کو روکنے میں مدد ملے گی جو ملک کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اور امیگریشن نظام کی مکمل تصویر سامنے آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ETA مسافروں کے لیے بھی بہتر ہے کیونکہ یہ ہر سال آنے والے لاکھوں افراد کے لیے سفر کو ہموار بناتا ہے۔

ETA کے لیے درخواست افیشل “یو کے ETA” ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے اور اس کی فیس 16 پاؤنڈ ہے۔ زیادہ تر درخواستوں کا فیصلہ چند منٹوں میں آ جاتا ہے، تاہم کچھ معاملات میں اضافی جانچ پڑتال کے لیے تین ورکنگ دن لگ سکتے ہیں۔

برطانوی اور آئرش شہری، بشمول دوہری شہریت رکھنے والے، ETA کی ضرورت سے مستثنیٰ ہیں، تاہم حکومت انہیں مشورہ دیتی ہے کہ 25 فروری 2026 سے سفر کرتے وقت برطانیہ میں داخلے کے لیے درست برطانوی پاسپورٹ یا سرٹیفکیٹ آف اینٹائٹلمنٹ ساتھ رکھیں۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ اکتوبر 2024 سے دوہری شہریت رکھنے والوں کو برطانیہ میں داخلے کے لیے درست دستاویزات رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے اور 2023 سے ETA میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ برطانوی پاسپورٹ یا سرٹیفکیٹ آف اینٹائٹلمنٹ کے بغیر، ٹرانسپورٹ کمپنیاں یہ تصدیق نہیں کر سکتیں کہ مسافر برطانوی شہری ہے، جس کی وجہ سے تاخیر یا بورڈنگ سے روکنے کا امکان رہتا ہے۔

Watch Live Public News