ویب ڈیسک: یورپ میں رہائش کا خواب دیکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، اسپین نے ایک نیا اور آسان رہائشی کارڈ آپشن متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اہل پاکستانی ایک سال کے رہائشی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
وزارت خارجہ پاکستان نے اس عمل کی مکمل حمایت کی، اور اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے لیے نہیں، اور درخواست گزاروں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے رہائشی کارڈ دیا جائے گا، جبکہ سات سے آٹھ سال بعد مستقل رہائش اور شہریت حاصل کرنے کا راستہ کھلے گا۔
محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزاروں کو ہر سطح پر سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ سالک حسین نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنا خوش آئند ہے۔